وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت وائلڈلائف انٹرن شپ پروگرام 2026 کا آغاز

منگل 17 فروری 2026 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ وائلڈلائف نے چیف منسٹر پنجاب وائلڈلائف انٹرن شپ پروگرام 2026 کا اعلان کر دیا ہے۔ پروگرام کے تحت 18 سے 25 سال کے تازہ گریجوایٹس جو بی ایس (آنرز) زوالوجی یا ڈی وی ایم کی ڈگری پچھلے دو سال میں مکمل کر چکے ہیں، حصہ لے سکتے ہیں۔پروگرام کی مدت 3 ماہ ہوگی اور انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس تربیتی پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو وائلڈلائف کے شعبے میں عملی تجربہ، مہارت اور شعور فراہم کرنا ہے، جس میں جانوروں کی دیکھ بھال، زو مینجمنٹ، کنزرویشن، ان کے سلوک اور خوراک کا انتظام شامل ہے۔چیف وائلڈلائف رینجر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی قیادت میں یہ پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کے وسیع تر یوتھ امپاورمنٹ وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت بے روزگار گریجوایٹس کو عملی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت فراہم کی جاتی ہے۔ پروگرام کے اختتام پر کامیاب انٹرنز کو سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے، جو ان کے مستقبل کے کیریئر میں معاون ثابت ہوں گے۔انٹرن شپ میں حصہ لینے کے لیے امیدوار 3 مارچ 2026 تک آن لائن (https://wildlife.punjab.gov.pk) درخواست دے سکتے ہیں۔