ملک سیف الملوک کھوکھر نے کٹار بند روڈ نیاز بیگ سے مرغزار کالونی تک نئی تعمیر ہونے والی سڑک کا افتتاح کر دیا

پیر 9 مارچ 2026 17:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2026ء) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور و ممبر قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے 03 کروڑ کی لاگت سے ایک ماہ میں مکمل ہونیوالی کٹار بند روڈ نیاز بیگ سے مرغزار کالونی تک نئی تعمیر ہونے والی شاندار سڑک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور عوام کے جمِ غفیر نے اس اہم ترقیاتی منصوبے کی تکمیل پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

افتتاح کے موقع پر اہلِ علاقہ نے پاکستان زندہ باد اور مسلم لیگ (ن) زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ عوام نے اپنے محبوب رہنما کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اس سڑک کی تعمیر ان کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پورا ہو گیا ہے، جس پر وہ ملک سیف الملوک کھوکھر کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ حلقے کی ترقی اور عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اور عوام کو جدید اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹار بند روڈ نیاز بیگ سے مرغزار کالونی تک سڑک کی تعمیر سے علاقے کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی، ٹریفک کے مسائل میں کمی ہوگی اور شہریوں کو آمد و رفت میں بڑی سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ این اے 126 میں ترقیاتی کام اپنے عروج پر پہنچ چکے ہیں اور حلقے میں سڑکوں، گلیوں، سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی خدمت اور ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور اسی جذبے کے تحت حلقے کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بیرسٹر عمیر کھوکھر اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی انکے ہمراہ تھیں۔