ملک کے بیشتر بالائی علا قوں میں مطلع جز وی ابر آلود رہےگا ،محکمہ موسمیات

منگل 17 مارچ 2026 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2026ء) آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علا قوں میں مطلع جز وی ابر آلود رہےگا تاہم بلوچستان، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق (کل )بدھ کوبلوچستان اور سندھ میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش (چند مقامات پر ژالہ باری) متوقع ہے ،جنوب مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا، وسطی /جنو بی پنجاب، گلگت بلتستان ، کشمیر اور اسلام آبادمیں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا۔

(جاری ہے)

منگل کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی 38، تر بت اور چھور میں 37ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ چند مقامات پر ژالہ باری اورآسمانی بجلی گرنے کااندیشہ ہے،ژالہ باری/آندھی پنجاب ، خیبرپختونخوا اور سندھ میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ بالائی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔اس دوران سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔