Live Updates

ایران کا اپنے فٹبال ورلڈکپ کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے کا مطالبہ،فیفا کا انکار

جب ڈونلڈ ٹرمپ خود کہہ رہے کہ ہمارا امریکا جانا ٹھیک نہیں تو ہم نہیں جائیں گے، ایران فٹبال فیڈریشن ورلڈ کپ 2026 کے میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے، ہم ورلڈ کپ میں شامل تمام ٹیموں سے رابطے میں ہیں، فیفا

بدھ 18 مارچ 2026 01:30

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2026ء) ایران نے فٹبال ورلڈ کپ کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا جس پر فیفا نے مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا۔صدر ایران فٹبال فیڈریشن مہدی تاج نے بتایا کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ خود کہہ رہے کہ ہمارا امریکا جانا ٹھیک نہیں تو ہم نہیں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے پر بات چیت جاری ہے۔

دوسری جانب فیفا نیایران کے میچز امریکا سے میکسیکو منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے، ہم ورلڈ کپ میں شامل تمام ٹیموں سے رابطے میں ہیں ، 6 دسمبر 2025 کو جاری شیڈول کے مطابق ہی میچز کروانے کے منتظر ہیں۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پچھلے دنوں کہا تھا کہ ایران فٹبال ٹیم کی سکیورٹی کیلئے بہتر ہے کہ وہ امریکا نہ آئیں۔

(جاری ہے)

فیفا کو ایران کے میچز امریکا سے باہر منتقل کرنے پر لاجسٹک چیلنج کا سامنا ہوگا۔برطانوی میڈیا کے مطابق فیفا کے جانب سے ایران کا مطالبہ تسلیم کیے جانے کا امکان کم ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے رواں سال امریکا میں ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔الجزیرہ کے مطابق ایرانی وزیرکھیل احمد دنیا مالی نے اعلان کیا تھا کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکتا، امریکا کی جانب سے ہمارے سپریم لیڈر کو شہید کیے جانے کے بعد ہم امریکا میں ورلڈکپ نہیں کھیل سکتے۔ فیفا ورلڈکپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلا جانا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات