اسلام آباد،لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش،سردی لوٹ آئی

نشیبی علاقے زیر آب، سڑکیں ڈوب گئیں‘شہریوں نے ایک بار پھر رضائیاں اور موٹے کمبل استعمال کرنا شروع کر دیئے

بدھ 18 مارچ 2026 13:06

اسلام آباد‘لاہور‘پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2026ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ، موسم سرد ہونے کے باعث شہریوں نے ایک بار پھر رضائیاں اور موٹے کمبل استعمال کرنا شروع کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ وقفے وقفے سے بارش کاسلسلہ جاری رہی جس کے باعث موسم سردہوگیا اور لوگوں نے پھر جیکٹس اور رضائیاں استعمال کرنا شروع کر دی ہیں دریں اثناء لاہور کے علاقے کینال روڈ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ایم اے او کالج، ساندہ روڈ، چوبرجی، جیل روڈ، فیروزپور روڈ اور دیگر علاقوں میں بادل برسے۔

اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں بھی تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، میانوالی، کالاباغ، چشمہ کندیاں اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے،21 مارچ تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے بتایا تھا کہ 25 مارچ تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 17 مارچ سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں پر اثر انداز ہو چکا ہے، بالائی اور وسطی پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور گردونواح میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔

دوسری جانب بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر گرج چمک کے بارش اورژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا، جنوبی پنجاب میں ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈی جی خان کے مختلف مقامات پر بارشوں کی پیشگوئی کی گئی تھی۔اِسی طرح خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی 25 مارچ تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

این ای او سی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے آندھی، تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے اور سندھ میں مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا تاہم سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا