پی ڈی ایم اے نے سندھ میں بارش اور تیز ہوائوں کا الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے سندھ میں 25 سے 29 مارچ تک بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے

منگل 24 مارچ 2026 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2026ء) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) سندھ نے صوبے بھر میں بارش اور تیز ہواں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے حکام اور عوام سے احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔حکام کے مطابق پاکستان محکمہ موسمیات نے سندھ میں 25 اور 26 مارچ کے ساتھ ساتھ 28 اور 29 مارچ کو بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر، دادو، کشمور، جیکب آباد اور لاڑکانہ اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل سلمان شاہ نے عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضروری مشینری کے ساتھ الرٹ پر رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ حکام نے خبردار کیا کہ تیز ہوائیں اور ممکنہ ژالہ باری کمزور ڈھانچوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔حکام نے یہ بھی کہا کہ مختلف علاقوں میں کھڑی فصلیں نقصان کا شکار ہو سکتی ہیں اور درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ سیاح اور مسافر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔