پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں ، حیدر خان اچکزئی

منگل 24 مارچ 2026 22:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کی مرکزی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے ممبر صوبائی صدر مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن و کوارڈنیٹر وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان حیدر خان اچکزئی ، ایم ایس ایف کے ڈویژنل صدر برہان شاہ ، کوئٹہ کے صدر عبدالصمد مینگل، اقلیتی ونگ کے صدر عامر جاوید ، طارق گل سمیت دیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ پاکستان بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا ہے جس میں طلباء سمیت ہر طبقے نے اپنا کردار ادا کیا پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں جو ملک کی تعمیر و ترقی، بقاء اور سلامتی کے لئے نیک شگون ہے۔

23 مارچ 1940 کا دن بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد ، خود مختار اسلامی ریاست بنانے کے دن کی یاد تازہ کرتا ہے ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی، استحکام کے لئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی کے ورکروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حیدر خان اچکزئی اور دیگر رہنمائوں نے یوم پاکستان کے موقع پر عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہداء نے وطن کی حفاظت اور آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ ہمیں مشترکہ عزم اور قومی یکجہتی کے ساتھ کرنا ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ اللہ تعالی وطن عزیز کو خوشحال بناکر ترقی دے تاکہ ملک کی خودمختاری قائم رہے اور قوم کو سلامتی، اتحاد اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی جہدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا ہے پاکستان کے قیام کیلئے مسلمانوں نے بے شمار قربانیاں دیں جس میں ہر طبقے خصوصاً طلبا نے اہم کردار ادا کیا ملک خدادا پاکستان کی جانب دشمن کی میلی نظر کھبی برداشت نہیں کی جائیگی پاکستان کی اس وقت کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیچ پر متحد ہوکر پاکستان کی ترقی بقا اور سلامتی کیلئے تگ و دو میں مصروف عمل ہے 23 مارچ 1940 وہ دن ہے جب برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے ایک آزاد، خود مختار اسلامی ریاست بنانے کا خواب دیکھا، یومِ پاکستان ہمارے اکابرین کی قربانیوں اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے قیام کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔

یکجہتی اور اتحاد کے بغیر کامیابی ممکن نہیں، پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط اسلامی ایٹمی ریاست کے طور پر ہمیشہ قائم رہنے کیلئے بنا ہے، مضبوط، متحد اور ذمہ دار قوم ہی ترقی اور خوشحالی حاصل کر سکتی ہے پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے ہمیں آج بھی 23 مارچ 1940 والے جذبے اور ولولے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے تاکہ ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔