پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کی تعیناتیوں کیلئے انٹرویوز کا سلسلہ جاری

جمعہ 27 مارچ 2026 21:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2026ء) پنجاب کے تعلیمی بورڈز کیلئے مستقبل چیئرمین کی تعیناتیوں کیلئے انٹرویو کا سلسلہ جاری ہے اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ذاتی طور پر تمام اُمیدواروں کے انٹرویوز لے رہے ہیں۔ تعلیمی بورڈز کیلئے مجموعی طور پر 250 سے زائد اُمیدواروں کے انٹرویوز کیے جا رہے ہیں۔ اب تک 200 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز لئے جا چکے ہیں۔

وزیر تعلیم نے انٹرویوز کے دوران اُمیدواروں کی ٹیکنالوجی سے آگاہی، اے آئی سکلز، بورڈ کے حوالے سے مینجمنٹ، مہارات اور امتحانی نظام بارے معلومات سمیت مختلف صلاحیتوں کو جانچا۔ دوران انٹرویو وزیر تعلیم نے امیدواروں سے بطور چیئرمین بورڈ پہلی 3 ترجیحات، ریفارمز کے حوالے سے ویژن رکھنے، ممکنہ اصلاحات، شفافیت یقینی بنانے اور بورڈز کی خودمختاری کیلئے ممکنہ اقدامات کے بارے میں سوالات کئے۔

(جاری ہے)

امیدواروں سے بورڈز کی بہتری اور ضرورتمند طلباء کیلئے شارٹ ٹرم، لانگ ٹرم پالیسی، بائیو میٹرک حاضری، ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم، آن سکرین مارکنگ، یقینی شفافیت کیلئے ممکنہ اقدامات پر بھی سوالات کئے گئے۔ وزیر تعلیم نے اے آئی ٹولز کو مارکنگ اور دیگر امور میں استعمال کرنے کے حوالے سے مہارات رکھنے کے بارے میں بھی امیدواروں سے استفسار کیا۔ رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ بورڈ چیئرمین کی تعیناتی کیلئے میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شارٹ لسٹڈ امیدواروں کو ایک بار پھر انٹرویو کے مرحلے سے گزارا جائے گا اور قابل افراد کی تعیناتیاں یقینی بنائیں گے۔۔ انہوں نے کہا کہ مستقل وائس چانسلرز اور کالج پرنسپلز کی طرح بورڈز کے چیئرمین بھی میرٹ پر تعینات ہوں گے۔