سندھ ہائیکورٹ ، بھتہ خوری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں2ملزمان کی 8 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور

پیر 6 اپریل 2026 14:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2026ء) سندھ ہائیکورٹ نے بھتہ خوری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں2 ملزمان کی 8 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 20,20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔پیرکو سندھ ہائیکورٹ میں بھتہ خوری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ملزمان طاہر اور عبد الجبران کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواستگزاروں کے وکیل لیاقت علی خان گبول نے موقف دیا کہ ملزمان کو دہشتگردی کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونا ہے، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ میرے موکلین مقدمے کا سامنا کرنا چاہتے۔ عدالت نے 2 ملزمان کی 8 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔عدالت نے ملزمان رانا طاہر اور عبدالجبران کو 20,20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزماں کیخلاف اصغر علی نے بھتہ خوری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ مقدمہ سرجانی ٹائون تھانے میں درج کیا گیا ہے۔