ڈاکٹرعشرت العباد خان کی بذریعہ ٹیلی فون ایم پی پی کے سیکریٹری اطلاعات رضوان احمد فکری کی عیادت

منگل 5 مئی 2026 16:18

ڈاکٹرعشرت العباد خان کی بذریعہ ٹیلی فون ایم پی پی کے سیکریٹری اطلاعات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) سابق گورنر سندھ اورسربراہ میری پہچان پاکستان(ایم پی پی )ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے صاحبزادے شمس العباد خان کے ہمراہ بذریعہ ٹیلی فون سیکریٹری اطلاعات میری پہچان پاکستان رضوان احمد فکری کی عیادت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے رضوان احمد فکری کی طبیعت سے متعلق تفصیلی آگاہی حاصل کی اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کی مشاورت کے مطابق مکمل آرام اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انچارج مرکزی کمیٹی نہال احمد صدیقی نے بھی فوری طور پر رضوان احمد فکری کی خیریت دریافت کی اور مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی صحت سے متعلق اپڈیٹس لینے کی ہدایت کی۔معروف ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر نبیل سمدانی نے مریض کی موجودہ صورتحال سے قیادت کو آگاہ کیا اور بتایا کہ بروقت طبی امداد کے باعث حالت میں بہتری آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مختلف سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات سمیت میڈیا سے وابستہ افراد نے بھی رضوان احمد فکری کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ معروف اینکرز ذوالفقار بابر اور شکیل سواتی نے بھی ٹیلیفون کے ذریعے رابطہ کر کے خیریت معلوم کی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے انچارج مرکزی کمیٹی کو ہدایت کی کہ رضوان احمد فکری کی صحت کے حوالے سے مسلسل اپڈیٹس فراہم کی جائیں اور ان کی مکمل دیکھ بھال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔