Live Updates

امریکا،ایران کشیدگی: امتِ مسلمہ فوری اتحاد کا مظاہرہ کرے ، مولانا بشیر فاروقی

منگل 5 مئی 2026 16:18

امریکا،ایران کشیدگی: امتِ مسلمہ فوری اتحاد کا مظاہرہ کرے ، مولانا بشیر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین مولانا بشیر احمد فاروقی نے امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات نہایت خطرناک رخ اختیار کر چکے ہیں، اور اگر بروقت دانشمندانہ اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال نہ صرف پورے خطے بلکہ دنیا کے امن کو شدید متاثر کر سکتی ہے۔

اپنے ایک اہم بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ایک بار پھر جنگ کے شعلے بھڑک اٹھے ہیں۔ ایران کی جانب سے یو اے ای پر میزائل حملوں کی اطلاعات اور دوسری طرف امریکا کی سخت دھمکیاں اس بات کی نشاندہی کر رہی ہیں کہ حالات کسی بڑے تصادم کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے اس نوعیت کی دھمکی دینا کہ کسی ملک کا نام و نشان مٹا دیا جائے گا، نہایت تشویشناک اور عالمی امن کے لیے خطرناک ہے۔

مولانا بشیر فاروقی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نازک موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران تنہا فیصلے کرے گا تو اس کے نتائج اتنے موثر نہیں ہوں گے، اس لیے ضروری ہے کہ ایران دیگر مسلم ممالک کی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کرے اور ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ حالیہ واقعے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریبا 6 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ اس کشیدگی کے اثرات عالمی معیشت پر پڑنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، جبکہ بھارت سمیت دیگر ممالک بھی اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں، جہاں ایندھن کے حوالے سے غیر معمولی اقدامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔چیئرمین سیلانی ویلفیئر نے کہا کہ یہ کوئی معمولی صورتحال نہیں بلکہ ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے پوری دنیا کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور قیادت کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ مل بیٹھ کر اس مسئلے کا پرامن حل تلاش کریں۔

مولانا بشیر فاروقی نے روز اول سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر مثبت سفارتی کردار ادا کیا ہے اور ایران و امریکا کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال میں سہولت کاری کرتے ہوئے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں امریکا کی جانب سے حوالے کیے گئے بعض افراد کی بحفاظت ایران منتقلی بھی شامل ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس خطے کو مزید کشیدگی سے محفوظ رکھے، حالات کو بہتر بنائے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد و بصیرت کے ساتھ فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات