میٹرک امتحانات،ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران کا مختلف علاقوں میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ

بدھ 8 اپریل 2026 17:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2026ء) ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران نے جاری میٹرک امتحانات کے دوران مختلف علاقوں میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر پشاورکے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد امتحانات کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہے تاکہ طلبہ کو ایک محفوظ، بااعتماد اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس حوالے سے انتظامی افسران نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امتحانی عملے، نگرانوں اور دیگر متعلقہ سٹاف سے ملاقات کی ۔امتحانی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامی عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان نے کہا کہ نقل کے مکمل خاتمے اور امتحانات کے منصفانہ انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے اور ہمارا ہدف یہی ہے کہ ہر طالبعلم کو ایک ایسا نظام فراہم کیا جائے جو مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہو۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے، اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :