سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان سے شعبہ خواتین کی مرکزی نائب صدر مریم ادریس کی ملاقات

ہفتہ 18 اپریل 2026 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2026ء) سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی نائب صدر و ممبر منشور کمیٹی مریم ادریس نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی،ملاقات میں جہاں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی و سیاسی صورتحال،آئندہ انتخابات،پارٹی امور پر بات چیت ہوئی وہیں سیاست میں باشعور خواتین کو متحرک کر کے آگے لانے،آزاد کشمیر میں پارٹی کو مزید مضبوط کرنے اور بھرپور الیکشن کمپین چلانے سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی،ملاقات میں سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ باشعور خواتین کو سیاست میں آگے آ کر ملکی تعمیر و ترقی اور بہترین معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، نوجوان نسل کو تاریخ کو پڑھنا اور سمجھنا چاہیے یہ وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے مریم ادریس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاست کٹھن مرحلہ ضرور ہے،محنت اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھتی رہیں منزل مقدر میں ہو تو مل ہی جاتی ہے میدان عمل میں متحرک رہیں،میاں محمد نواز شریف آنے والے دنوں میں جلد کشمیر کا دورہ کریں گے،ملاقات میں مریم ادریس نے کہا کہ باشعور خواتین اور یوتھ کو سیاست میں لانے کے لیے بھرپور کام کر رہی ہوں،آپ کی حوصلہ افزائی سے مجھے ایک نیا جذبہ ملا اور رہنمائی سے سیاست کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا،انتخابات کے حوالے سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں،قائد میاں محمد نواز شریف کی طرف سے امیدواروں کا اعلان ہوتے ہی الیکشن کمپین مزید تیز کر دیں گے اور انشاء اللہ قائد کے تعمیر وترقی کے وژن کے مطابق اور ان کی رہنمائی میں مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر میں تاریخ بدلے گی۔