جیکب آباد میں انٹر امتحانات کا آغاز، 12 ہزار سے زائد طلبہ شریک ،شدید گرمی، بجلی و پانی کی قلت نے مشکلات بڑھا دیں

بدھ 22 اپریل 2026 19:52

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2026ء) جیکب آباد میں انٹر امتحانات کا آغاز، 12 ہزار سے زائد طلبہ شریک ،شدید گرمی، بجلی و پانی کی قلت نے مشکلات بڑھا دیں،15 امتحانی مراکز قائم، کئی اسکولوں میں پنکھے تک موجود نہیں، طلبہ سخت حالات میں پرچے دینے پر مجبور تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے لیے 15 امتحانی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 12 ہزار 152 طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گیارہویں جماعت میں 3910 طلبہ اور 1822 طالبات جبکہ بارہویں جماعت میں 4553 طلبہ اور 1887 طالبات شامل ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے امتحانات کے لیے 5 مردانہ، 4 زنانہ اور 6 مشترکہ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، تاہم امتحانی مراکز پر بنیادی سہولیات کی شدید کمی نے طلبہ کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کئی مراکز پر بجلی کی بندش اور پانی کی قلت جیسے مسائل برقرار ہیں، جبکہ گورنمنٹ ہائی اسکول سمیت متعدد اسکولوں میں پنکھوں کی عدم دستیابی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔

شدید گرمی کے باعث طلبہ کڑے حالات میں امتحان دینے پر مجبور ہیں۔طلبہ اور والدین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان مسائل کا نوٹس لیا جائے اور امتحانی مراکز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ سکون کے ساتھ اپنے امتحانات دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :