سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی خضدار کیمپس میں وزیراعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 100 طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم

منگل 28 اپریل 2026 20:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2026ء) سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی خضدار کیمپس میں وزیراعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 100 طالبات کو لیپ ٹاپس دیئےگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی مہمان خاص تھے۔سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی خضدار کیمپس میں وزیراعظم پاکستان کی یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ایک سو طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔

یہ تقریب ایس بی کے خضدار کیمپس میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی مہمانِ خاص تھے۔تقریب میں ابتدائی کلمات ڈائریکٹر ایس بی کے خضدار کیمپس مظفر لانگو نے ادا کئے۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کو یونیورسٹی کے کیمپس، تعلیمی پروگراموں اور وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار عابد حسین بلوچ بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’تعلیم ہی زندگی کی شان ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اقرا (پڑھیے)‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسان اشرف المخلوقات ہے اور اسے ضرور پڑھنا چاہیے۔ تعلیم میں قرآن پاک ترجمے کے ساتھ، میتھمیٹکس، آئی ٹی اور سائنس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ جیسے ہی انہوں نے چارج سنبھالا، تعلیمی ترقی اور خصوصاً جامعات کو فعال بنانے کے لیے عملی کوششیں شروع کر دیں۔ انہوں نے بلوچستان میں تعلیمی شرح کو بہتر بنانے پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں تعلیمی شرح تقریباً 32 فیصد ہے، جسے مزید بہتر بنانے اور آگے لے جانے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی کمشنرخضدار عبدالرزاق ساسولی نے تقریباً آدھے گھنٹے پر مشتمل ایک جامع لیکچر دیا۔ اس دوران انہوں نے طالبات کو بھی اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کیا، جس سے طالبات کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ یہ لیپ ٹاپ اسکیم وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نوجوانوں بالخصوص طالبات کو ڈیجیٹل تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے دی جاری ہے۔

ایس بی کے خضدار کیمپس کی طالبات نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ لیپ ٹاپس ان کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، خصوصاً آئی ٹی، سائنس اور تحقیق کے شعبوں میں۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، ڈائریکٹر مظفر لانگو اور دیگر افسران نے طالبات کو مبارکباد پیش کی اور انہیں مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دی۔اس اقدام سے خضدار اور گردونواح کی طالبات میں تعلیمی جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے۔ ایس بی کے خضدار کیمپس بلوچستان کی خواتین کی اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔