لندن کے شمالی علاقے میں ایک شخص کا چاقو سے حملہ ، 2 افراد زخمی

پولیس موقع پر پہنچ گئی، ملزم کے خلاف الیکٹرک ٹیزر گن کا استعمال ،برطانوی وزیراعظم کی مذمت

جمعرات 30 اپریل 2026 14:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) برطانوی دار الحکومت لندن کے شمالی علاقے گولڈرز گرین میں، جہاں یہودیوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے، چاقو زنی کا واقعہ پیش آیا ۔ برطانوی ٹی وی کے مطابق ایک شخص نے اس علاقے میں دو افراد کو چاقو مار کر زخمی کر دیا، جس کے بعد برطانوی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔یہودیوں کی ایک سکیورٹی تنظیم نے بتایا کہ گولڈرز گرین میں دو افراد کے زخمی ہونے کے بعد برطانوی پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔

شومریم تنظیم نے ایکس پلیٹ فارم پر بتایا کہ ایک شخص کو چھری ہاتھ میں لیے دوڑتے ہوئے اور یہودی باشندوں کو چاقو مارنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد تنظیم کے ایک رکن نے اسے پکڑ لیا۔ تنظیم نے مزید بتایا کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کے خلاف الیکٹرک ٹیزر گن کا استعمال کیا۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹامر نے چاقو زنی کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

کیئر اسٹامر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس حملے کو انتہائی خوف ناک قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دوسری جانب برطانوی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اس واقعے کو دہشت گردی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور اہل کار اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا اس حملے میں جان بوجھ کر یہودیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔