محنت کش طبقہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر چوہدری رفیق نئر

جمعرات 30 اپریل 2026 19:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) وزیراطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری رفیق نئیر نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، مزدوروں کی شبانہ روز محنت کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے محنت، دیانت اور مزدور کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا ہے۔ ایک منصفانہ اور مہذب معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ محنت کش طبقے کو باعزت روزگار، مناسب اجرت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت محنت کشوں کی فلاح و بہبود، روزگار کے بہتر مواقع اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ مزدور طبقہ قومی ترقی کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ مزدور ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم محنت کشوں کی خدمات کا اعتراف کریں، ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں اور انہیں معاشرے میں ان کا جائز مقام دلائیں۔ چوہدری رفیق نئیر نے ریاست بھر کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، عزم اور لگن سے ریاست ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔