ریلوے ٹریک کے اطراف باربیڈ وائر کی تنصیب خوش آئند ہے، امام الدین شیخ

جمعہ 1 مئی 2026 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) پاکستان نظامِ مصطفی سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 217 امام الدین شیخ نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریک کے اطراف حفاظتی باربیڈ وائر کی تنصیب اور نظامِ مصطفی پھاٹک پر منظور شدہ ڈسپنسری کا فوری فعال ہونا علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، جسے مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے متعلقہ حکام کی جانب سے باربیڈ وائر لگانے اور فلاحی ڈسپنسری کے قیام سے متعلق پیش رفت خوش آئند ہے، تاہم ان منصوبوں پر عملی کام کا جلد آغاز ناگزیر ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔امام الدین شیخ نے کہا کہ ریلوے ٹریک کے ساتھ حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث مقامی آبادی کو آئے روز خطرات کا سامنا رہتا ہے، جبکہ حادثات کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

باربیڈ وائر کی تنصیب سے نہ صرف غیر قانونی آمدورفت روکی جا سکے گی بلکہ شہریوں، خصوصا بچوں اور بزرگوں کی حفاظت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نظامِ مصطفی پھاٹک کے مقام پر منظور شدہ ڈسپنسری علاقے کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس سے بنیادی طبی سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان، وزارتِ ریلوے اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس فلاحی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

چیئرمین پاکستان نظامِ مصطفی سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہا کہ ان کی تنظیم عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مسلسل فلاحی سرگرمیوں میں مصروف ہے اور مقامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کیا جائے تو اس سے علاقے میں ترقی، تحفظ اور صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔