ژ*وائلڈ لائف کریک ڈاؤن، غیر قانونی شکار و تشدد میں ملوث چار ملزمان گرفتار

ٌملتان میں بھی کارروائی،بیگم کوٹ سے حنوط شدہ نایاب جانور برآمد، سفاری زو منتقل، مقدمات درج

اتوار 3 مئی 2026 21:05

: لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2026ء) محکمہ جنگلات و جنگلی حیات پنجاب نے صوبہ بھر میں غیر قانونی شکار، اسمگلنگ اور جنگلی حیات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی ہدایت پر چیف وائلڈ لائف رینجر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر قیادت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔

حکام کے مطابق لاہور کے علاقے بیگم کوٹ میں کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے حنوط شدہ شیر، ٹائیگر، مگرمچھ، بندر اور متعدد جنگلی پرندے برآمد کر لیے گئے۔ برآمد شدہ جانوروں اور پرندوں کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سفاری زو منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کر کے اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مردہ شیر کی کھال اتارنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ نے فوری کارروائی کی اور اس میں ملوث افراد کو گرفتار کیا۔ اسی سلسلے میں ملتان کے علاقے سرائے سدھو میں بھی مشترکہ آپریشن کے دوران وائلڈ لائف اہلکاروں پر تشدد میں ملوث مزید تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ، غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور عالمی ماحولیاتی معیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔