ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران کمی ، درآمدات اورتجارتی خسارہ میں اضافہ ریکارڈ

منگل 5 مئی 2026 15:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پرکمی جبکہ درآمدات اورتجارتی خسارہ میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں ملکی برآمدات کامجموعی حجم 25.21ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 26.89ارب ڈالرکے مقابلہ میں6فیصدکم ہے،اپریل میں پاکستان کابرآمدی بل 2.479ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ کے 2.264ارب ڈالرکے مقابلہ میں 9فیصدزیادہ اورگزشتہ سال اپریل کے 2.174ارب ڈالرکے مقابلہ میں 14فیصدزیادہ ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 10ماہ میں پاکستان کی مجموعی درآمدات کاحجم 57.19ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 53.48ارب ڈالرکے مقابلہ میں 7فیصدزیادہ ہے،اپریل میں پاکستان کادرآمدی بل 6.553ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ کے 5.103ارب ڈالرکے مقابلہ میں 28فیصدزیادہ ہے اورگزشتہ سال اپریل کے 6.098ارب ڈالرکے مقابلہ میں 7فیصدزیادہ ہے۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 10ماہ میں پاکستان کامجموعی تجارتی خسارہ 31.98ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 26.59ارب ڈالرکے مقابلہ میں 20فیصدزیادہ ہے۔اپریل میں ملک کے تجارتی خسارہ کاحجم 4.074ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ کے 2.839ارب ڈالرکے مقابلہ میں 44فیصد اورگزشتہ سال اپریل کے 3.924ارب ڈالرکے مقابلہ میں 4فیصدزیادہ ہے۔