جامعہ کراچی ،سمسٹر امتحانات کا بائیکاٹ ، اساتذہ دو گروپوں میں تقسیم

بدھ 6 مئی 2026 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) جامعہ کراچی میں ہائوس سیلنگ الائونس کے مسئلے پر سیمسٹر امتحانات کے بائیکاٹ کے معاملے پر اساتذہ دو گروپوں میں تقسیم ہوگئے۔جامعہ کراچی میں انجمن اساتذہ کی جانب سے ہائوس سیلنگ الاونس کے مسئلے پر سیمسٹر امتحانات کے بائیکاٹ کے معاملے پر اساتذہ دو گروہوں میں تقسیم نظر آ رہے ہیں۔بعض اساتذہ نے بائیکاٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اس سے طلبہ کا نقصان ہو رہا ہے اور معاملے کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، بائیکاٹ نئی نسل کو غلط پیغام دیتا ہے۔

دوسری جانب طلبہ و طالبات نے حکومتِ سندھ اور وزیر اعلی سندھ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ امتحانی شیڈول متاثر نہ ہو۔بائیکاٹ کے دوسرے دن فیکلٹی آف سوشل سائنسز، کامرس اور ایڈمنسٹریٹو سائنسز میں امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہے، جبکہ بعض سائنس فیکلٹی کے شعبوں میں بائیکاٹ کے باعث امتحانات متاثر ہوئے، جس سے طلبہ کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ادھر جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے تمام ڈینز اور شعبہ جات کے سربراہان سے امتحانی صورتحال اور شکایات پر فوری رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ مسئلے کا جائزہ لیا جا سکے۔مجموعی طور پر اساتذہ کے اختلاف اور جزوی بائیکاٹ کے باعث امتحانی نظام غیر یقینی صورتحال کا شکار دکھائی دے رہا ہے، جبکہ طلبہ اپنے مستقبل کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔