پنجاب میں 7سے 11مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا امکان

بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43ڈگری تک رہنے کی توقع ہے‘ پی ڈی ایم اے

بدھ 6 مئی 2026 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) پی ڈی ایم اے پنجاب نے کے مطابق صوبہ بھر میں 7سے 11مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے، بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 43سے 47ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز و ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواں اور طوفان کا خطرہ موجود ہے، ہیٹ ویو سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نے دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز اور ہائیڈریٹ رہنے کی تاکید کی اور کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے ریسکیو 1122کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جائیں۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک ہوں گی،گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔