وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مانسہرہ میں 25 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

بدھ 6 مئی 2026 19:37

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بدھ کے روز ضلع مانسہرہ میں 25 ارب روپے سے زائد مالیت کے 12 اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا اور علاقے کی مجموعی ترقی کو تیز کرنا ہے،ان منصوبوں میں 18.5 ارب روپے کی لاگت سے مانسہرہ گریوٹی فلو واٹر سپلائی سکیم شامل ہے جو علاقے میں پانی کی قلت پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی،صحت کے شعبے میں 2 ارب روپے کی لاگت سے انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ کیتھ لیب کے قیام کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے تاکہ دل کے امراض کے علاج کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے،انفراسٹرکچر کے شعبے میں 1.8 ارب روپے کی لاگت سے اچھر نالہ ڈیم منصوبہ شامل ہے جو پانی کے ذخیرے اور مقامی آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا،ایک ارب روپے کی لاگت سے ٹھاکرہ اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن نوجوانوں کو جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرے گی اس کے علاوہ بی ایچ یو سندیسر کی اپگریڈیشن کے ذریعے بنیادی صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا،ہنگامی خدمات کو موثر بنانے کے لیے پانو ڈھیری میں ریسکیو اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے جبکہ ڈگری کالج فار بوائز کا افتتاح تعلیم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا،دیگر عوامی فلاح کے منصوبوں میں قبرستان کے لیے زمین کی فراہمی، کوٹکے پارک کا قیام اور مانسہرہ واٹر سپلائی سکیم کی بہتری شامل ہیں،اسکے علاوہ تحصیل تناول کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور عوام کو سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی،حکام کے مطابق یہ منصوبے حکومت کے متوازن علاقائی ترقی اور عوامی فلاح کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں اور ان کی بروقت تکمیل سے علاقے کی سماجی و معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔