طلبہ اپنے قلب و ذہن کو گناہوں، حرص و ہوس اور اخلاقی آلودگیوں سے پاک رکھنے کی کوشش کریں، ڈاکٹر حسین محی الدین

بدھ 6 مئی 2026 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بدھ کے روز یہاں جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تزکیہ نفس انسانی فلاح و کامیابی کی بنیاد ہے۔ طلبہ اپنے قلب و ذہن کو گناہوں، حرص و ہوس اور اخلاقی آلودگیوں سے پاک رکھنے کی مسلسل کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ تزکیہ نفس اور اصلاحِ احوال درحقیقت نبوی مشن ہےاور حضور نبیاکرم ﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ انسانوں کے اخلاق و کردار کو سنوارنے، نظم و ضبط اپنانے اور اخلاص کے ساتھ اللہ کی عبادت کرنے کا عملی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا ذکر اور نماز جیسی عظیم عبادات بھی اسی وقت نفع بخش ثابت ہوتی ہیں جب دل ہر قسم کی آلائشوں سے پاک ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ اللہ کے راستے میں جان و مال کے ساتھ جہاد کو جہادِ اصغر جبکہ اپنے نفس کے خلاف جدوجہد کو جہادِ اکبر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم کے حصول سے قبل اپنے دل و دماغ کو رذائل سے پاک کریں، کیونکہ پاکیزہ قلب ہی علم کے حقیقی اثرات کو قبول کرتا ہے اور اسے روح و باطن میں منتقل کرتا ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلی ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی،تحقیقی و فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی تعلیمات کے فروغ، درس و تدریس اور تصنیف و تالیف کے لیے وقف کیے رکھی۔

ان کی کاوشوں نے مشرق و مغرب میں اسلام کے سنہری اصولوں اور سیرتِ نبوی ﷺکو ایک مثالی رہنمائی کے طور پر اجاگر کیا۔تقریب کے آغاز میں پرنسپل جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا اور ادارے کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اٹلی کی جانب سے ملنے والے سائن آف پیس ایوارڈ ملنے پر مبارکباد اور شیلڈ پیش کی گئی۔

تقریب میں حاجی عبد الغفور، مفتی عبد القیوم ہزاروی،ڈاکٹر رفیق نجم ،بریگیڈئیر(ر) عمر حیات،نور اللہ صدیقی،ڈاکٹر محمد اکرم رانا، پروفیسرنواز ظفر ،محب اللہ اظہر، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، صابر حسین نقشبندی،ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی ،ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی ، پروفیسرڈاکٹر مسعود احمد مجاہد،ڈاکٹر الیاس اعظمی ، حافظہ سحر عنبرین،عائشہ مبشر،رافعہ فاطمہ ،اقرا مبین،وردہ ناز سمیت و اساتذہ کرام،طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔