ایس آئی ایف سی کی مؤثر اصلاحات کے مثبت ثمرات، پاکستان میں معاشی و صنعتی ترقی کا نیا دور

جمعرات 7 مئی 2026 09:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) پاکستان میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور معاشی اصلاحات کے فروغ میں سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جبکہ گزشتہ ماہ ایس آئی ایف سی کی مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔سیکرٹری اے سی ڈاکٹر جہانزیب خان نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی بڑے پیمانے پر زرعی فارمنگ، لاجسٹکس، ریلویز، موٹرویز، فارما اور ویئر ہاؤسنگ کے منصوبوں میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے، جس سے ملکی معیشت کو نئی سمت مل رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے 7 نئی سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کی راہ ہموار ہوئی ہے، جس سے صنعتی پیداوار میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع اور تعمیراتی شعبے میں مزید استحکام متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جہانزیب خان کے مطابق ایس آئی ایف سی نے M-12 موٹروے منصوبے کو بحال کر کے نارتھ–ساؤتھ کوریڈور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جو ملک میں تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی ایس آئی ایف سی نے نمایاں پیش رفت کی ہے، جہاں میڈیکل ٹورازم انیشی ایٹو کے آغاز سے پاکستان کو خطے کے ایک اہم طبی مرکز کے طور پر متعارف کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کی پہلی قومی ویکسین پالیسی کی منظوری بھی عمل میں آئی، جبکہ ڈریپ کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے عالمی ادارہ صحت (WHO) کی پری کوالیفیکیشن حاصل کر کے بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم کے حوالے سے ایس آئی ایف سی نے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔جی آئی زیڈ (GIZ) میں پروجیکٹ ہیڈ یولیا بازینوفا نے کہا کہ یورپی یونین بزنس فورم یورپی کاروباری اداروں اور پاکستانی پروڈیوسرز کے درمیان روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور ایس آئی ایف سی کی مشترکہ کاوشوں سے منعقد ہونے والا یہ فورم باہمی تعاون، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نہایت اہم قدم ثابت ہوگا۔ماہرین کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری، صنعتی توسیع اور معاشی بحالی میں آنے والی بہتری ایس آئی ایف سی کی پالیسی معاونت، اصلاحاتی اقدامات اور سرمایہ دوست ماحول کی عکاس ہے۔\395