دوطرفہ،کثیرالجہتی اور دیگر ذرائع سے مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان کو مجموعی طور پر 6.594 ارب ڈالر کی مالی معاونت موصول

پیر 11 مئی 2026 21:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) دوطرفہ،کثیرالجہتی اور دیگرشراکت داروں کی جانب سے جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان کو مجموعی طور پر 6.594 ارب ڈالر کی معاونت موصول ہوئی ہے۔وزارت اقتصادی امورکی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2025ء سے لیکر مارچ 2026ء کے اختتام تک پاکستان کو دوطرفہ،کثیرالجہتی اور دیگرشراکت داروں کی جانب سے مجموعی طور پر 6.594 ارب ڈالر کی معاونت موصول ہوئی،مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان کو دوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے 1.168 ارب ڈالر اور کثیرالجہتی شراکت داروں کی جانب سے 2.583 ارب ڈالر کی مالی معاونت حاصل رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق دوطرفہ شراکت داروں میں پاکستان کی مالی معاونت کے حوالہ سے سعودی عرب اور چین سرفہرست ممالک رہے، مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں چین کی جانب سے پاکستان کو 392.82 ملین ڈالر،ڈنمارک 71.15 ملین ڈالر،فرانس 47.72 ملین ڈالر،جرمنی 12.09 ملین ڈالر،جاپان 23.27 ملین ڈالر،جنوبی کو ریا 9.49 ملین ڈالر، سعودی عرب 910.43 ملین ڈالر اور امریکا کی جانب سے 0.49 ملین ڈالر کی مالی معاونت موصول ہوئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان کو کثیرالجہتی شراکت داروں کی جانب سے 2.583 ارب ڈالر کی مالی معاونت حاصل رہی،اس مدت میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو 727.01 ملین ڈالر،ایشیئن انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 88.86 ملین ڈالر،عالمی بینک 376.36 ملین ڈالر،آئی ڈی اے 829.01 ملین ڈالر،اسلامی ترقیاتی بینک 56.13 ملین ڈالر،اسلامی ترقیاتی بینک(قلیل مدتی) 483.78 ملین ڈالر،ایفاد 21.39 ملین ڈالر،اوپیک فنڈ 0.79 ملین ڈالر اور اقوام متحدہ کی جانب سے 0.11 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی،اس مدت میں کمرشل بینکوں (ایس سی بی لندن) 201.90 ملین ڈالر اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کو 209.51 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی گئی،اس مدت میں نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس کے ذریعہ 2.037 ارب ڈالر حاصل کئے گئے۔

\395