رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی کی ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ زاہد خلجی سے ملاقات

پیر 11 مئی 2026 19:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ زاہد خان خلجی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران این اے 264 سریاب کو درپیش بنیادی مسائل، خصوصاً صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور نکاسی آب کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حلقے میں بند نالوں، گندگی اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سریاب کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور بند نالوں کی صفائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔