صحافتی برادری کے ساتھ خوشگوار اور باوقار روابط کو مزید مضبوط بنائوں گا،میڈیا ایڈوائزر پیرزادہ محمد اقبال شاہ

منگل 12 مئی 2026 14:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ تعینات میڈیا ایڈوائزر پیرزادہ محمد اقبال شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور موسٹ سینئر وزیر میاں عبد الوحید ایڈووکیٹ نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کوآرڈینیٹر اور میڈیا ایڈوائزر کی ذمہ داریاں نہایت اہم اور حساس نوعیت کی حامل ہوتی ہیں، جنہیں احسن انداز میں نبھانے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر کی مثبت کارکردگی، عوامی فلاحی اقدامات اور پارٹی مؤقف کو موثر انداز میں عوام تک پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔پیرزادہ محمد اقبال شاہ نے کہا کہ وہ صحافتی برادری کے ساتھ خوشگوار اور باوقار روابط کو مزید مضبوط بنائیں گے تاکہ درست، بروقت اور مصدقہ معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی مفادات، عوامی خدمت اور حکومتی ترجیحات کو ہر سطح پر مقدم رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور کابینہ کی قیادت میں خطے کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور حکومتی اقدامات کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔سیاسی و صحافتی حلقوں نے پیرزادہ محمد اقبال شاہ کی بطور میڈیا ایڈوائزر تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے سے حکومت اور میڈیا کے درمیان بہتر رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کریں گے۔