ڈی پی آئی سکولز ایلیمنٹری زنانہ حناء افکار کی تعیناتی محکمہ تعلیم میں مثبت اور خوشگوار تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہونے لگی

منگل 12 مئی 2026 14:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) ڈی پی آئی سکولز ایلیمنٹری زنانہ حناء افکار کی تعیناتی محکمہ تعلیم میں مثبت اور خوشگوار تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہونے لگی۔ طویل عرصہ سے زیر التواء دفتری و انتظامی معاملات کی یکسوئی کا عمل تیز ہو گیا ہے جبکہ سائلین کو فوری ریلیف ملنے پر عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔

ممبر ضلع کونسل نسرین اختر راجہ، شبانہ کوثر، سیاسی و سماجی رہنما ملک امتیاز، رابعہ ملک و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حناء افکار ایک انتہائی دیانت دار، فرض شناس، باصلاحیت اور عوام دوست آفیسر ہیں جنہوں نے مختصر و قلیل عرصہ میں اپنی شاندار کارکردگی سے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تعیناتی کے بعد محکمہ تعلیم میں دفتری امور میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے اور عرصہ دراز سے التواء کا شکار فائلوں اور معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حناء افکار نہ صرف سائلین کے مسائل کو توجہ اور تحمل سے سنتی ہیں بلکہ ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات بھی یقینی بنا رہی ہیں۔ دفتر آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت و احترام اور بہترین رویے نے عوام کا اعتماد بحال کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک عرصہ بعد محکمہ تعلیم میں ایسا مثبت اور متحرک ماحول دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم جیسے اہم ادارے میں ایماندار، متحرک اور فرض شناس افسران کی موجودگی وقت کی اہم ضرورت ہے اور حناء افکار اپنی محنت، قابلیت اور شفاف اندازِ کار سے اس ذمہ داری کو بخوبی نبھا رہی ہیں۔ ان کی قیادت میں محکمہ میں نظم و ضبط، میرٹ اور شفافیت کو فروغ مل رہا ہے جبکہ عوامی مسائل کے حل کی رفتار میں بھی واضح بہتری آئی ہے۔

انہوں نے حکومت آزاد کشمیر اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوام دوست اور دیانت دار افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ اداروں کی کارکردگی مزید بہتر ہو اور عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک قابل، دیانت دار اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ آفیسر کو اہم ذمہ داری سونپ کر محکمہ تعلیم میں بہتری کی بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حناء افکار کی قیادت میں محکمہ تعلیم مزید فعال، منظم، شفاف اور عوام دوست ادارہ بن کر سامنے آئے گا۔