آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں عوام روشن مستقبل حقیقی تبدیلی ،باوقار قیادت کے حق میں فیصلہ دیں گے ، محمد طاہر کھوکھر

منگل 12 مئی 2026 19:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) رہنماتحریک انصاف و سابق وزیر سیاحت وٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں عوام اپنے روشن مستقبل حقیقی تبدیلی اور باوقار قیادت کے حق میں فیصلہ دیں گے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں تیزی سے عوام کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے اور عوام روایتی سیاست اور خاندانی نظام سے نجات حاصل کرنے کے لیے عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف سیاسی جماعتوں کو آزما چکے ہیں مگر عوامی مسائل آج بھی جوں کے توں موجود ہیں مہنگائی بے روزگاری اور میرٹ کی پامالی نے نوجوان نسل کو شدید مایوسی سے دوچار کر رکھا ہے ایسے حالات میں تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کو امید انصاف ترقی اور شفاف حکمرانی کا واضح وژن دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں نظریے خودداری اور قانون کی بالادستی کو فروغ دیا یہی وجہ ہے کہ تمام تر سیاسی انتقامی کارروائیوں اور مشکلات کے باوجود عوام کے دل آج بھی عمران خان کے ساتھ دھڑکتے ہیں تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور آزاد کشمیر کے نوجوان وکلاتاجر اوورسیز کشمیری اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔

محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن سیاحت اور بے شمار وسائل سے مالا مال خطہ ہے مگر بدقسمتی سے ماضی کی حکومتیں ان وسائل کو عوامی خوشحالی کے لیے استعمال کرنے میں ناکام رہیں اگر تحریک انصاف کو خدمت کا موقع ملا تو سیاحت انفراسٹرکچر تعلیم صحت اور روزگار کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جائیں گے سیاحت کے فروغ کے لیے جدید پالیسی مرتب کی جائے گی تاکہ آزاد کشمیر نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک اہم سیاحتی مرکز کے طور پر ابھر سکے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے نوجوانوں کے لیے میرٹ پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے جائیں گے تاکہ نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات لا کر عام آدمی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے اور مشکل ترین حالات میں بھی کارکنان نے پارٹی پرچم کو بلند رکھا آزاد کشمیر کے باشعور عوام اب سیاسی نعروں اور جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے بلکہ کارکردگی دیانتداری اور عوامی خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہے اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے نااہل قیادت کو ہمیشہ کے لیے مسترد کر دیں گے انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنان گھر گھر جا کر عمران خان کا پیغام پہنچائیں عوام کو پارٹی منشور سے آگاہ کریں اور نوجوان نسل کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے مثبت سیاسی کردار ادا کرنے کی ترغیب دیں تحریک انصاف آزاد کشمیر میں ایک مضبوط خوشحال باوقار اور ترقی یافتہ نظام قائم کرے گی جہاں عوام کو انصاف روزگار تعلیم صحت اور بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی اور ریاست کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا۔