گورنر بلوچستان نے صدر کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں صدارتی سول اعزازات تقسیم کردیئے

بدھ 13 مئی 2026 22:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) گورنر ہاؤس کوئٹہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقسیم صدارتی ایوارڈز ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ صدر پاکستان کی جانب سے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی صوبے کی مختلف شخصیات کو صدارتی سول اعزازات ستارہ شجاعت اور تمغہ امتیاز سے نوازے۔

صدارتی ایوارڈز کی اس پروقار تقریب میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی، صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی سے صوبائی وزیر میرعاصم کرد گیلو، میر محمد خان لہڑی، حاجی برکت رند، کلثوم نیاز بلوچ، اعلیٰ سرکاری افسران اور معزز مہمانان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور اعزازات وصول کرنے والوں کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدارتی اعزازات، ستارہ شجاعت اور تمغہ امتیاز وصول کرنے والوں میں شہید غلام فرید، ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر سید حبیب اللہ شاہ، محمد کریم ثاقب، سلطان جاوید جمال، نور محمد بلوچ، شاہزیب خان، شہید مظفر حسین جمالی، بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی، بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ، مایہ ناز آرٹسٹ اے ڈی بلوچ اور فضل محمد کے نام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ صدارتی اعزازات 23 مارچ 2026 کو یوم پاکستان کے موقع پر دیے جانے تھے تاہم چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر اس پروگرام کو منسوخ کرکے 13 مئی کیلئے دوبارہ شیڈول کیا گیا۔