خیرپور، سندھ حکومت کے تعاون سے بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں جدید ٹیکنالوجی کے موضوعات پر دو روزہ چھوتی عالمی کانفرنس

جمعرات 14 مئی 2026 17:50

خیرپور نمائندہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) خیرپور میں حکومتِ سندھ کے تعاون سے بینطیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ سکل ڈویلپمنٹ میں جدید انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے موضوعات پر دو روزہ چوتھی عالمی کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس کا افتتاح سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ جیلانی نے کیا۔ اس موقع پر ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آئے ماہرین تعلیم، محققین، وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی کانفرنس میں اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے آئے پی ایچ ڈی اسکالرز اور ماہرین نے مکینیکل انجینئرنگ، سول انجینئرنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی)، گرین ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور دیگر جدید شعبوں پر مبنی اپنی تحقیقی رپورٹس پیش کیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد محققین اور تعلیمی اداروں کے درمیان جدید آئیڈیاز، تجربات اور تحقیق کا تبادلہ کرنا ہے تاکہ طلبہ نئی ٹیکنالوجیز سے سیکھ سکیں اور حکومت ان تحقیقی تجاویز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنا سکے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں شامل مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے کہا کہ جدید دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت بے حد بڑھ چکی ہے اور ایسی کانفرنسز علم، تحقیق اور تجربات کے تبادلے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے جدید ٹیکنالوجی، گرین انرجی، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی جانب بڑھ رہی ہے، اور اگر ہم نے اپنے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ کیا تو وہ عالمی سطح پر مقابلے کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل اُن قوموں کا ہے جو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کا ہر شعبہ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو جدید علوم اور ہنر سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ نہ صرف روزگار حاصل کر سکیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کریں۔\378