صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد کی

پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پراجیکٹ پر تبادلہ خیال

جمعرات 14 مئی 2026 22:43

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد کی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد نے ملاقات کی۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود اس موقع پر موجود تھے۔سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی آئی یو طارق محمود رحمانی، عبدالمتین جنجوعہ، پی آئی یو سے رضوان، ڈاکٹر حسن، ضیغم سہیل، خضر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کے وفد کی قیادت مسٹر ہدو ہوٹزنگ مشن لیڈر نے کی۔وفد میں مسٹر برائن چن، فاطمہ ارشد اور منصور علی شامل تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد کے درمیان پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پراجیکٹ پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد نے اس حوالہ سے بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نرسنگ شعبہ کو نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔

حکومت پنجاب نے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے ہیں۔الحمدللہ پنجاب کی تربیت یافتہ اور تجربہ کار نرسز کی پوری دنیا میں مانگ ہے۔پنجاب کے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے تعاون کی پیشکش پر ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے مشکور ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہاکہ پنجاب میں نرسنگ کری کولم میں بھی بہتری لا رہے ہیں۔نرسنگ فیکلٹی کی کپیسٹی بلڈنگ کیلئے بھی بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد نے کہاکہ پنجاب کے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہیں۔نرسنگ شعبہ میں ریسرچ کو بھی پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔