بدترین مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی قوتِ خرید ختم کر دی ہے، شمسہ مہ جبین

جمعرات 14 مئی 2026 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن شمسہ مہ جبین نے کہا ہے کہ آٹے، چینی، گھی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی قوتِ خرید ختم کر دی ہے جبکہ سرکاری سطح پر ریلیف کے اقدامات ناکافی اور غیر مؤثر نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبے بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں، سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی کمی اور علاج معالجے کی مہنگائی کے باعث غریب مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

اسی طرح تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی فیسیں اور سہولیات کی کمی نے عام گھرانوں کے بچوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت شدید معاشی، سماجی اور انسانی بحرانوں سے گزر رہا ہے جہاں مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عام شہری کی زندگی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

شمسہ مہ جبین نے کہا کہ موجودہ حالات میں سماجی تنظیموں، فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر دکھی انسانیت کی مدد کریں اور حکومت کے ساتھ مل کر عوامی ریلیف کے لیے عملی کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن مستحق خاندانوں کی امداد، راشن کی تقسیم، طبی سہولیات اور تعلیمی معاونت کے لیے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حسی، منشیات کا پھیلاؤ، نوجوانوں میں مایوسی اور اخلاقی گراوٹ ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے، جس کے تدارک کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ شمسہ مہ جبین نے اپیل کی کہ تمام طبقات مل کر انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ ایک پرامن، خوشحال اور مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے ملک کی سلامتی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔