کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کا پاک فوج کے بہادر جوان شہید غلام فریدڈومکی کے لواحقین سے اظہار تعزیت

جمعرات 14 مئی 2026 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی ضلع کچھی کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے بہادر جوان شہید غلام فرید ڈومکی کے گھر پہنچ گئے جہاں انہوں نے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ اور سپرنٹنڈنٹ عبدالصمد کھوسہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کمشنر نے شہید غلام فرید ڈومکی کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی۔ انہوں نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید غلام فرید ڈومکی نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ دے کر بہادری، جرات اور قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتی جیسے افسوسناک واقعے میں شہادت پوری قوم کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے اور شہید کے اہل خانہ کے غم میں حکومت اور انتظامیہ برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر نصیر آباد صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، غلام فرید ڈومکی کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہید کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ لواحقین نے کمشنر نصیر آباد ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ کی آمد، ہمدردی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :