تھانہ مچنی گیٹ پولیس کی کارروائی، راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، مسروقہ موٹرسائیکل ، قیمتی موبائل فونز برآمد

جمعرات 14 مئی 2026 19:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) تھانہ مچنی گیٹ پولیس نے جمعرات کے روز اہم کارروائی کرتے ہوئے راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار کرکے مسروقہ موٹرسائیکل اور دو عدد قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے ۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق ڈی ایس پی ورسک سرکل خالد خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ بہرہ مند شاہ خان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے راہزنی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کا سراغ لگا کر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم حسن زیب ولد جہانزیب نے اپنے دوست شاہ میر کے ساتھ موٹرسائیکل پر سفر کے دوران دیگر راہزنوں کے ساتھ منصوبہ بندی کرتے ہوئے اپنے ہی دوست شاہ میر سے موٹرسائیکل اور موبائل فون چھین لیا تھا۔واقعہ کے حوالے سے مدعی شاہ میر نے تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو نامعلوم ملزمان کے خلاف راہزنی اور مزاحمت پر فائرنگ کی رپورٹ درج کرائی تھی، جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کا افسرانِ بالا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں، جس پر ڈی ایس پی ورسک سرکل خالد خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ بہرہ مند شاہ خان نے تفتیشی ٹیم کے ہمراہ جامع اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے ملوث ملزم حسن زیب کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے اسلحہ کی نوک پر چھینا گیا مسروقہ موٹرسائیکل اور دو عدد قیمتی موبائل فونز بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش گینگ میں شامل دیگر راہزنوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپہ زنی جاری ہے۔