گورنر بلوچستان کا نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا دورہ ، جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی ترقی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ

جمعرات 14 مئی 2026 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں انہیں جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور ادارہ جاتی ترقی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران حکام نے گورنر بلوچستان کو ’’یونیورسٹی برائے صنعت‘‘ کے طور پر یونیورسٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں تعلیمی پروگراموں، اطلاقی تحقیق، صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ مہارت پر مبنی تعلیم اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون پر روشنی ڈالی گئی۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے قومی ترقی اور تکنیکی جدت کے تقاضوں کے مطابق ہنر مند گریجویٹس تیار کرنے کے لیے یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بلوچستان کے طلبہ تک تعلیمی رسائی بڑھانے اور تحقیق پر مبنی تعلیمی ماحول کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم، جدت طرازی اور صلاحیت سازی کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ اس ضمن میں اداروں کے مابین تعاون کو مزید وسعت دینا ضروری ہے۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کی جدید لیبارٹریز، سکلز اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (این ایس ڈی ڈی)، انوویشن سینٹر (این آئی سی) اور انٹرپرینیور اینڈ انکیوبیشن سینٹر (این ای آئی سی) کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری مختلف منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔