کمشنر ہزارہ ڈویژن کی زیرِ صدارت 18 مئی سے شروع ہونے والی پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 14 مئی 2026 19:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت 18 مئی سے شروع ہونے والی پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ خیبرپختونخوا کے مطابق اجلاس میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیو پروگرام کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کی کوآرڈینیٹر میڈم طیبہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ایبٹ آباد، تورغر، اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور کولئی پالس میں پولیو ٹیموں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ ڈویژن نے ہدایت جاری کی کہ کم کارکردگی والی یونین کونسلز میں فوری اور مؤثر تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ پولیو مہم کے نتائج کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو تربیتی عمل کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے 3 سے 4 ڈیمو ویڈیوز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ فیلڈ اسٹاف کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہو سکے۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن نے واضح کیا کہ شام کے اوقات میں دور دراز علاقوں کے یو سی ایم اوز کو ڈپٹی کمشنر آفس طلب کرنے کے بجائے اپنی رپورٹس متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو پیش کرنے کی ہدایت دی جائے، تاکہ فیلڈ اسٹاف کو غیر ضروری سفری مشکلات سے بچایا جا سکے اور ان کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ افغان کیمپس سے افغان باشندوں کی واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جس پر کمشنر ہزارہ ڈویژن نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام ریکارڈ اور ڈیٹا فوری طور پر اپڈیٹ کرکے صوبائی ای او سی کو ارسال کیا جائے۔

کمشنر ہزارہ نے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ پولیو مہم مخصوص اضلاع میں چلائی جا رہی ہے، اس لیے ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کوریج کو انتہائی مؤثر بنایا جائے، جبکہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیو مہم کے حوالے سے مثبت اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ تربیتی عمل کی مسلسل نگرانی کے ذریعے مہم کو کامیاب، مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔