مناسک حج کا آغاز ، لاکھوں عازمین کا لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداﺅں کے ساتھ منی کا سفر

دنیا بھر سے15 لاکھ سے زائد عازمین آج رکن اعظم وقوفِ عرفات ادا کریں گے، مکہ میں 47 ڈگری شدید گرمی کا الرٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مئی 2026 17:41

مناسک حج کا آغاز ، لاکھوں عازمین کا لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداﺅں ..
مکہ مکرمہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی ۔2026 ) دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین نے لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداﺅں کے ساتھ مناسک حج کا آغازکردیا ، عازمینِ حج مکہ مکرمہ سے احرام باندھ کر جوق در جوق خیموں کے خوبصورت شہر منی پہنچ گئے ، جہاں کا ماحول حجاج کی مناجات اور لبیک اللھم لبیک کی ایمان افروز صداﺅ ں سے گونج رہا ہے.

(جاری ہے)

عازمینِ حج نے منی کی خیمہ بستی میں رات قیام کیا اور عبادت و استغفار کیا کل منگل 9 ذوالحجہ کو نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد تمام حجاجِ کرام حج کے سب سے اہم اور بنیادی رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کےلئے میدانِ عرفات کی طرف روانہ ہوں گے، وہاں خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں قصر کرکے ایک ساتھ ادا کی جائیں گی، سورج غروب ہوتے ہی مغرب کی نماز پڑھے بغیر حجاجِ کرام میدانِ عرفات سے مزدلفہ کےلئے روانہ ہوں گے، جہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی اور رات کھلے آسمان تلے گزاری جائے گی.

دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہےکہ مناسک حج کے دوران مکہ مکرمہ میں سخت گرمی کا امکان ہے اور درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہےکہ مناسک حج کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہے گا اور کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوا چلنےکا امکان ہے. سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے اپیل کی ہے کہ عازمین حج ہدایات پر عمل کریں اور زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کرکے سخت گرمی میں پانی کی کمی سے بچنے کی کوشش کریں اور رہنما حفاظتی اصولوں پر ہر حال میں عمل کریں سعودی حکام کے مطابق جمعہ کی دوپہر تک بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر چکی تھی، جن میں سے 14 لاکھ 57 ہزار سے زیادہ فضائی راستے سے پہنچے سعودی حکام نے مقدس مقامات پر سایہ دار جگہوں ، مسٹ فین اور طبی سہولیات میں اضافہ کردیا ہے.