پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عمرہ لکی ڈرا، 4 افسران خوش نصیب قرار

منگل 2 جون 2026 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2026ء) پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عمرہ ٹکٹوں کے لیے سالانہ لکی ڈرا کا انعقاد کیا گیاجس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے قرعہ اندازی کرتے ہوئے خوش نصیب افسران کے ناموں کا اعلان کیا۔اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے جو افسران عمرہ ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ان میں اسٹیٹ آفیسر محمد مجاہد چوہدری، اسسٹنٹ رجسٹرار کمپیوٹر طاہر بلال،ایڈمن آفیسر اللہ دتہ اورلیب انجینئرنوشین مریم اعوان شامل ہیں۔

تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، خزانہ دار تسنیم کامران، صدر پنجاب یونیورسٹی آفیسر ز ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈاکٹر توقیر علی، جنرل سیکریٹری رانا مظفر علی سمیت عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ہر سال اپنے اراکین میں سے دو افسران کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ ٹکٹ فراہم کرتی ہے جبکہ رواں برس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی خصوصی ہدایت اور سرپرستی کے باعث عمرہ ٹکٹوں کی تعداد دو سے بڑھا کر چار کر دی گئی، جس پر افسران نے وائس چانسلر اور ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے عمرہ ٹکٹ حاصل کرنے والے خوش نصیب افسران کو مبارک باد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام افسران کی فلاح و بہبود کے لیے ایک قابلِ تحسین روایت ہے جسے آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔