کسان کارڈ پروگرام، 8 لاکھ 32 ہزار کاشتکار مستفید، 86 فیصد قرضوں کی ریکوری

832,000 کاشتکاروں نے مجموعی طور پر 2 ارب 54 کروڑ روپے کے قرضے استعمال کر لئے،سرکاری اعدادو شمار

بدھ 3 جون 2026 13:01

کسان کارڈ پروگرام، 8 لاکھ 32 ہزار کاشتکار مستفید، 86 فیصد قرضوں کی ریکوری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2026ء) پنجاب بھر میں 8 لاکھ 32 ہزار سے زائد کاشتکاروں کو کسان کارڈ جاری کئے گئے۔سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 832,000 کاشتکاروں نے مجموعی طور پر 2 ارب 54 کروڑ روپے کے قرضے استعمال کر لئے۔گندم کے سیزن کے دوران کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے 100 ارب روپے مالیت کے زرعی مداخل خریدے، جبکہ خریف کی فصل کیلئے 90 ارب روپے کی مالی سہولت فراہم کی گئی، 3 لاکھ کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے 30 ارب روپے کے زرعی مداخل حاصل کئے۔

(جاری ہے)

اعداد وشمار کے مطابق 5 لاکھ 38 ہزار کاشتکاروں سے 67 ارب روپے وصول کئے جانا تھے، جن میں سے 86 فیصد ریکوری ہو چکی ہے، جبکہ کاشتکاروں نے 57 ارب روپے کی اقساط ادا کر دی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسان کارڈ کے ذریعے پنجاب کے کاشتکار کی قسمت بدل رہی ہے، پنجاب کا کاشتکار اب کسی آڑھتی کا مقروض نہیں ہوگا، سر اٹھا کر جیئے گا، پنجاب کے کاشتکار کو مالی خودمختاری اور خوشحالی کی راہ پر دیکھنا میرا خواب ہے۔مریم نواز شریف کے مطابق کاشتکار بھائیوں نے زرعی قرضوں کی بروقت ادائیگی کر کے شاندار مثال قائم کی ہے۔