پنجاب حکومت کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے 15 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان

جمعرات 11 جون 2026 14:30

پنجاب حکومت کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے 15 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان
لاہور /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر حکومتِ پنجاب نے ملک میں ہاکی کے احیاء ، نچلی سطح (گراس روٹ لیول) پر ٹیلنٹ کی نشوونما اور کوچنگ و ٹیکنیکل ڈویلپمنٹ کیلئے 15 کروڑ (150 ملین) روپے کی خطیر گرانٹ منظور کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اسپورٹس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

پنجاب حکومت نے یہ فنڈز پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ارسال کردہ باضابطہ درخواست پر منظور کیے ہیں،گرانٹ کا بنیادی مقصد ملک بھر میں نئے ٹیلنٹ کی شناخت، گراس روٹ ڈویلپمنٹ پروگرامز کا انعقاد، اور کوچز کو جدید ترین عالمی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ہاکی میں پاکستان کا تاریخی وقار بحال کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہارِ تشکر کیا ۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے بروقت مالی امداد پر پی ایچ ایف صدر اور منیجمنٹ کے دیگر عہدیداران کی جانب سے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ترجمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی کابینہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرانٹ ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا معیار بڑھانے اور نوجوان ایتھلیٹس کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔