دہلی کے ہوٹل میں آتشزگی سے 18 غیر ملکیوں کی ہلاکت کی تصدیق، حفاظتی کوتاہیوں کا پردہ فاش

جمعرات 11 جون 2026 14:42

دہلی کے ہوٹل میں آتشزگی سے 18 غیر ملکیوں کی ہلاکت کی تصدیق، حفاظتی کوتاہیوں ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) بھارتی دارلحکومت نئی دلی کے علاقے مالویہ نگر کے فلورش سٹے ہوٹل میں رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ہونے والی آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے، مرنے والوں میں سے 18 کے غیر ملکی شہری ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ہوٹل میں آتشزدگی اورغیر ملکیوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاکت نے حفاظتی کوتاہیوں کا پردہ فاش کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آگ کثیر المنزلہ عمارت میں لگی جس کے زیریں منزل پر ایک ریسٹورنٹ اور اوپر ایک ہوٹل موجود تھا۔حکام نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں سے 18 غیر ملکی مہمان تھے، جن میں بنگلہ دیش، نائیجیریا، موزمبیق اور لائبیریا کے شہری شامل تھے۔ زندہ بچ جانے والوں اور عینی شاہدین نے بتایا کہ ہوٹل کا صرف ایک تنگ راستہ تھا اور اس میں آگ بجھانے والے آلات، الارم اور دیگر حفاظتی اقدامات کی کمی تھی۔کئی مہمان بالائی منزلوں پر پھنس گئے تھے ۔ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک زندہ بچ جانے والے نے کہا کہ یہاں کوئی ہنگامی راستہ نہیں تھا، ہمیں کھڑکیاں توڑ کر چھلانگ لگانی پڑی۔