بھارت، وزیر تعلیم کے استعفیٰ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کاکروچ جنتا پارٹی

جمعرات 11 جون 2026 12:39

بھارت،  وزیر تعلیم کے استعفیٰ  تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کاکروچ جنتا ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2026ء) بھارت میں حال ہی میں بننے والی کاکروچ جنتا پارٹی ( سی جے پی) کے بانی ابھجیت دیپکے نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانات میں آئے دن کی بے قاعدگیوں نے سارے ملک میں لاکھوں طلبا کے مستقل کو متاثرکیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ابھیجیت دیپکے نے ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نوجوان طلبا کو متاثر کرنے والے مسائل پر خاموش رہنے کے لیے ہرگز تیار نہیں ۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیر تعلیم نے استعفیٰ نہیں دیا تو ملک گیر احتجاج ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ اس ملک کا نوجوان کسی سے بھی نہیں ڈرتا اور وہ پیچھے نہیں ہٹے گا ۔

(جاری ہے)

ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ این ای ای ٹی امتحان کے معاملے میں کئی طلبا ءخود کشی کر چکے ہیں ، نیٹ ، سی بی ایس ای اور سی یو ای ٹی جیسے امتحانات سے جڑے مسائل کی وجہ سے ایک کروڑ طلباءمتاثر ہوئے ہیں، صورتحال کی ذمہ داری لینے کیلئے کوئی تیار نہیں ، ہم نے 6جون کو دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج میں مطالبہ کیا تھا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان فوری مستعفی ہو جائیں ، کسی کو تو ذمہ داری لینی ہے، سسٹم کی ناکامی کی وجہ سے وہ طلبا اپنی جان لے رہے ہیں جو ڈاکٹر بن کو دوسروں کی زندگیاں بچا سکتے تھے۔

ابھیجیت دیپکے کہا کہ ہم آج (11)جون کو شام چار بجے پونے میں پر امن احتجاج کریں گے ، جس کے بعد لکھنو، امرتسر، جئے پور اور بنگلورو میں احتجاج ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اخلاقی ذمہ داری قبول کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر تعلیم نے استعفی نہیں دیا تو 20جون کو سارے ملک کے نوجوان دارلحکومت نئی دلی اکھٹے ہوں گے اور میں خود اس احتجاج میں حصہ لوں گا۔ احتجاجی نوجوان دھرمیندر پر دھان کے استعفے تک واپس نہیں جائیں گے۔