Live Updates

ایران پر بمباری جلد ہی روک دی جائے گی، ٹرمپ

ایرانی رہنماوں نے مجھ سے رابطہ کر کے بمباری بند کرنے کو کہاہے،انٹرویو ٹرمپ کا دعوی جھوٹ ہے، امریکی صدر کا بیان جنگ سے بچنے کی کوشش ہے،ایرانی عہدیدار

جمعرات 11 جون 2026 11:22

ایران پر بمباری جلد ہی روک دی جائے گی، ٹرمپ
تہران /واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر بمباری جلد ہی روک دی جائے گی۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایرانی رہنماوں نے ان سے بمباری بند کرنے کو کہا۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ براہ راست بات کی۔ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی فضاوں میں امریکی لڑاکا طیارے پرواز کررہے ہیں۔

امریکی فوج نے ایران پر 49 ٹوماہاک میزائل داغے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران پر حملوں میں اسرائیل شامل نہیں۔اس سے قبل ایران پر مسلسل دوسرے روز اور مزید سخت حملے کی دھمکی دینے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے سچویشن روم میں کابینہ اراکین اور اہم عہدیداروں سے اہم ملاقات کی ہے۔امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ملاقات میں ایک ایسے آپشن پر بھی غور کیا گیا کہ جس میں ایران پر مختصر مدت میں بڑے حملے کیے جائیں تاکہ ایران مذاکرات پر اپنی پوزیشن کو تبدیل کرے۔

(جاری ہے)

سچویشن روم میٹنگ میں نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلیف، جوائنٹ چیفس چئیرمین جنرل ڈین کین، وائٹ ہاوس کے مندوب اسٹیو وٹکوف اور دیگر سینئر اہلکار موجود تھے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ ٹمپا میں سینٹ کام ہیڈکوارٹر سے ویڈیو لنک پر تھے۔ وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اہلکاروں کو بتایا کہ اگر ایران نے ڈیل نہ کی تو سخت حملے کیے جائیں گے۔ادھر سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران اورٹرمپ کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا ایرانی حکام سے رابطے کا دعوی جھوٹ ہے۔ امریکی صدر کا بیان جنگ سے بچنے کی کوشش ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات