جی سی یونیورسٹی میں فائن آرٹس ڈگری شو کا انعقاد، جدید ٹیکنالوجی اور ثقافتی ورثے پر مبنی پراجیکٹس کی نمائش

جمعرات 11 جون 2026 21:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ فائن آرٹس کے زیر اہتمام بی ایف اے گرافک ڈیزائن اور پینٹنگ ڈگری شو 2026ء کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ثقافتی ورثے اور کمرشل آئیڈیاز پر مبنی تخلیقی منصوبے پیش کیے۔یونیورسٹی کے بخاری آڈیٹوریم میں منعقدہ اس نمائش کا افتتاح جی سی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے کیا۔

نمائش میں طلبہ کی جانب سے پرائیویسی آگاہی مہم، بچوں کے لیے ٹیکسچر بک، برانڈ آئیڈنٹٹی اور بسنت کے ثقافتی ورثے کی بحالی سے متعلق مختلف اشتہاری تصورات کے ساتھ ساتھ جدید فیشن آرٹ اور عبایا ڈیزائنز بھی پیش کیے گئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعبہ فائن آرٹس کی انچارج آمنہ انور خان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشیں ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں، اور ایسے عملی منصوبے طلبہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جدید ڈیزائن میں ٹیکنالوجی کے انضمام کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گرافک ڈیزائن کے طلبہ نے کسان دوست زرعی ایپس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سروسز کے یوزر انٹرفیس بھی تیار کیے ہیں۔ پینٹنگ پروگرام کے فارغ التحصیل طلبہ نے مختلف میڈیمز خصوصاً گرے اسکیل پینسل ورک کا استعمال کرتے ہوئے فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے۔ ان کی پینٹنگز میں بنیادی طور پر جی سی یو کے تاریخی طرزِ تعمیر، اندرون شہر (والڈ سٹی) کے مناظر اور مختلف اہم سماجی مسائل کو کینوس پر اتارا گیا تھا۔

تقریب کے دوران طلبہ کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر چوہدری نے ان کی تخلیقی کاوشوں کو سراہا، تاہم انہوں نے انٹرپرینیورشپ (کاروباری رجحان) کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے منصوبوں کو محض نمائش کی حد تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں مارکیٹ تک لے کر جائیں۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ محض ایک اچھا تصور پیش کر دینا کافی نہیں، بلکہ ان آئیڈیاز کو قابلِ عمل اور مارکیٹ میں فروخت کے قابل مصنوعات میں تبدیل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے نوجوان فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی پراجیکٹس کو کامیاب کمرشل منصوبوں میں بدلیں۔نمائش میں اولڈ راوینز یونین کے صدر اطہر اسماعیل سمیت فیکلٹی ممبران، سابق طلبا (ایلومنائی) اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور طلبہ کے کام کو بے حد پسند کیا۔