Live Updates

مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت مہنگائی اور وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیے جانے کے خلاف شاہراہِ قائدین پر احتجاجی دھرنا دیا گیا

انتظامیہ کو شاہراہِ قائدین کی بندش پر تو تشویش ہے، تاہم شہر کی دیگر اہم شاہراہوں کی طویل بندش پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، فیصل ندیم اگر بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو اسے مسترد کیا جائے گا،بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کے باعث متوسط طبقہ ختم ہوتا جا رہا ہے

جمعرات 11 جون 2026 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت مہنگائی اور وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیے جانے کے خلاف شاہراہِ قائدین پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں شہر بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں فوری طور پر غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا کہ انتظامیہ کو شاہراہِ قائدین کی بندش پر تو تشویش ہے، تاہم شہر کی دیگر اہم شاہراہوں کی طویل بندش پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو اسے مسترد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جبکہ عوام کی آمدن محدود ہے، جس کے باعث متوسط طبقہ ختم ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ مہنگائی کے خلاف تحریک کا آغاز کراچی سے کر دیا گیا ہے، جسے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا، 14 جون کو حیدرآباد اور 17 جون کو سکھر میں بھی دھرنے دیے جائیں گے۔اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود عوام مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے ٹیکسز میں اضافے کو عوام پر معاشی دبا قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی طاقت سے حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر مہنگائی میں کمی اور بجٹ میں عوامی ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات