اسد قیصر کا سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے باوجود صوابی میں12،12 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار

پیر 15 جون 2026 22:03

اسد قیصر کا سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کے باوجود صوابی میں12،12 گھنٹے ..
صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2026ء) پی ٹی آئی رہنماء اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والے ضلع صوابی میں بارہ ، بارہ گھنٹے تک غیر اعلانیہ اور طویل ترین لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا جس ضلع صوابی سے تعلق ہے وہاں تربیلا پار ہاس ہے اور یہ میرے ہی حلقے میں واقع ہے، انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کا سب سے بڑا آبی بجلی کا منصوبہ ہے جہاں سے تقریبا 4888 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جبکہ تربیلہ ڈیم کے توسیعی منصوبوں کے بعد اس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 6418 میگا واٹ سے زائد ہوچکی ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس 6418 میگا واٹ سے صوابی کو بجلی نہیں دی جاتی۔

ہمارے صوبے کی جو پوری ضروریات ہے وہ 3300 میگا واٹ ہے اور ہمارے صوبے کو 2200 سے 2500 میگا واٹ بجلی دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

جو ضلع بجلی پیدا کر رہا ہے اسے بجلی نہیں دی جا رہی ہے اور ہمارے ضلع صوابی کی ضرورت صرف 180 میگا واٹ ہے۔ 12، 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور لو وولٹیج کا مسئلہ ہے۔ دیگر اضلاع میں تو 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جس صوبے کی پیداوار ہے، آئین اور قانون کے مطابق اس پر پہلا حق اس علاقے اور صوبے کا ہے انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی پیداوار کے باوجود ضلع صوابی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل سے یہاں کے عوام بدستور پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہے ہیں ۔