غیرملکی چندہ حاصل کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے لیے قوائد مزید سخت کر دیئے ہیں،بھارتی وزارت داخلہ

بدھ 24 جون 2026 14:05

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2026ء) بھارتی وزارت داخلہ نے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ترمیمی قوائد 2026کانوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے غیر ملکی چندہ حاصل کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے لیے قوائد مزید سخت کر دیئے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نئے قواعد کے تحت این جی او ز کو اپنے تمام سوشل میڈیا اکائونٹس کی تفصیلات حکومت کو فراہم کرنا ہوں گی۔

این جی او ز کو صرف انہی سرگرمیوں تک محدود رہنا ہوگا جو ان کی رجسٹریشن میں درج ہیں جبکہ سیاسی نوعیت کے مواد کی تشہیر یا ترویج کی اجازت نہیں ہوگی ۔ نئے قوائد فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن رولز 2011میں ترمیم کےلئے جاری کیے گئے ہیں ۔ فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن رولز پہلی مرتبہ 29اپریل 2011کو گزٹ میں شائع کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ان میں مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 9 مرتبہ ترمیم کی گئی۔

تا زہ ترین ترمیم فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ 2010کے تحت دسویں ترمیم ہے ۔ ایف سی آر اے کے تحت رجسٹرڈ کسی بھی این جی او کی رجسٹریشن5 سال کے لئے موثر رہتی ہے۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق 2015سے اب تک 18ہزار سے زائد این جی اوز کی ایف سی آر اے رجسٹریشن منسوخ کی جا چکی ہے ۔ رواں سال 22جون تک بھارت میں 14ہزار 456این جی اوز ایف سی آر اے کے تحت رجسٹرڈ اور فعال ہیں ۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ این جی اوز کو ہرسال تقریباً 22ہزار کروڑ روپے کی غیر ملکی امداد موصول ہوتی ہے۔