Live Updates

معاشی مفادات کے پیش نظر ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہیے ،رکن قومی اسمبلی نثار احمد جٹ

بدھ 24 جون 2026 14:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نثار احمد جٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے معاشی مفادات کے پیش نظر ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہیے تاکہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔بدھ کو قومی اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نثار احمد جٹ نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں، کیونکہ اس سے دونوں ممالک کو یکساں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح علاقائی تجارت کے فروغ، درآمدات و برآمدات میں اضافے اور نئے معاشی مواقع پیدا کرنے پر ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تیل اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر پاکستان اپنی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ بھی ملکی معیشت کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا افغانستان کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر حکومت ان ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں جامع حکمت عملی اختیار کرے تو پاکستان کو خاطر خواہ معاشی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔رکن قومی اسمبلی نے زور دیا کہ حکومت کو علاقائی تجارت کے فروغ، سرحدی منڈیوں کی بحالی اور برآمدات میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو اور عوام کو ریلیف مل سکے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات